مصر کے طنطا شہر میں چرچ اور پولیس ٹریننگ سینٹر میں دھماکے،درجنوں ہلاک و زخمی
مصر کے شہر طنطا میں چرچ پر بم دھماکے سے اکیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
مصری ذرائع کے مطابق یہ دھماکا دارالحکومت قاہرہ سے ایک سو بیس کلومیٹر دور واقع شہر طنطا میں اس وقت ہوا جب سینٹ جارج کوپٹک چرچ میں پام سنڈے کے موقع پر خاص عبادت کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔
پام سنڈے عیسائیوں کے مقدس دنوں میں سے ایک ہے جس کو وہ حضرت عیسیٰ کو یروشلم میں فاتح کے طورپر داخل ہونے کی مناسبت سے مناتے ہیں
اسپتال کے ذریعے کے مطابق بم دھماکے میں اکیس افراد ہلاک اور چالیس دیگر زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی استپال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
مصری عیسائیوں کے اجتماع پر بم دھماکہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب پوپ فرانسس عنقریب مصر کا دورہ کرنے والے ہیں۔
طنطا شہر میں عیسائیوں کے اجتماعات پر اس سے قبل بھی حملے ہوتے رہے ہیں۔
دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طنطا میں ایک اور بم دھماکہ بھی ہوا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ ایک پولیس ٹریننگ مرکز میں ہوا ہے۔ مزید تفصیلات موصول ہورہی ہیں۔