Apr ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
  • مصر میں ہنگامی حالت کا اعلان

مصر کے صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے اعلی کونسل کی تشکیل کے ساتھ ہی ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے طنطا اور اسکندریہ شہروں میں ہونے والے دھماکوں کے کچھ ہی گھنٹوں کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ قانونی مراحل طے کرنے کے بعد مصر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی جائے گی-

السیسی نے مصری عوام سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے حامیوں سے نمٹے-

مصر کے صوبہ اسکندریہ اور قاہرہ میں اتوار کو مسلسل تین دھماکے ہوئے جن میں چھیالیس افراد ہلاک اور سو سے زیادہ زخمی ہو گئے-

دو دھماکے صوبہ اسکندریہ کے المرقسیہ چرچ میں اور ایک دھماکا قاہرہ کے طنطا شہر کے مارجرجس چرچ میں ہوا-

ان دھماکوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے-

 طنطا اور اسکندریہ شہروں میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکوں کے بعد مصر میں تین دن کے عام سوگ کا اعلان کر دیا گیا-

ٹیگس