مصر میں تین مہینوں کے لئے ہنگامی حالت کا نفاذ
مصری کابینہ نے ملک میں تین مہینے کے لئے ہنگامی حالت کے نفاذ پر اتفاق کر لیا۔
مصر کی کابینہ نے ملک میں آج سے تین مہینے کے لئے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے- یہ فیصلہ قاہرہ اور اسکندریہ میں دو چرچوں میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکوں کے بعد کیا گیا۔ ان دھماکوں میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے-
مصری کابینہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر میں ہنگامی حالت جاری رکھنے کے لئے پارلیمنٹ کی منظوری ضروری ہے- مصر کے صوبہ قاہرہ اور اسکندریہ میں اتوار کو مسلسل چار دھماکے ہوئے تھے جن کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی ہے- دھماکے میں چھیالیس افراد ہلاک اور سو سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے-
پہلا دھماکہ شہر طنطا کے مارجرجس چرچ میں ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ قاہرہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہوا، تیسرا دھماکہ المرقسیہ چرچ میں ہوا اور چوتھا دھماکہ صوبہ سینا کے بئرالعبد کے التلول علاقے میں پولیس کی گاڑی میں ہوا-