May ۱۵, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۶ Asia/Tehran
  • العوامیہ کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی

بحرینی عوام نے العوامیہ کے شیعہ مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

العہد کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے عوام نے سعودی عرب کے العوامیہ علاقے میں اس ملک کے شیعہ مسلمانوں پر سعودی عرب کے بہیمانہ، مجرمانہ اور سنگین جرائم کی مذمت کرتے ہوئے العوامیہ کے شیعہ مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی  کا اظہار کیا ہے۔ بحرینی عوام نے قطیف کے علاقہ العوامیہ کے عوام پر سعودی عرب کی فورسز کے وحشیانہ اور مجرمانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بحرینی عوام نے ایک بیان میں العوامیہ میں سعودی عرب کے بہیمانہ اور مجرمانہ جرائم کو اسرائیلی جرائم سے تعبیر کیا ہے۔ بحرینی عوام نے اپنے بیان میں سعودی عرب اور آل خلیفہ کے مجرمانہ اقدامات اور بہیمانہ جرائم پرعالمی برادری کی خاموشی کی بھی مذمت کی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے سیکورٹی اہلکاروں نے جمعے کو العوامیہ کے المسورہ علاقے پر جارحانہ حملہ کیا اور اس علاقے کی السید محمد مسجد کو شہید کر دیا۔ سعودی عرب کے جارح سیکورٹی اہلکاروں نے الدیرہ محلے کی الفتیہ مسجد پر بھی ظہر کی اذان کے وقت اندھا دھند فائرنگ کی۔ سعودی سیکورٹی اہلکاروں نے اس حملے میں ہیلی کاپٹروں اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا اور شہریوں کے گھروں پر مارٹر گولے فائر کرنے کے ساتھ ہی لوگوں کی گاڑیوں کو نذرآتش کر دیا۔

گذشتہ بدھ کو بھی العوامیہ کے علاقے میں سعودی سیکورٹی فورس کے حملے میں تین افراد جاں بحق اور سولہ دیگر زخمی ہو گئےتھے ان حملوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ آل سعود کی ظالمانہ ڈکٹیٹر حکومت کے خلاف دو ہزار گیارہ کے بعد عوامی مظاہروں میں آنے والی شدت کے بعد سعودی عرب کے شیعہ علاقے بار بار جارحانہ حملوں کا نشانہ بنائے جا رہے ہیں۔

ٹیگس