May ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • عراق میں دہشت گردوں کی عنقریب نابودی

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ عراق سے عنقریب دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ ہو جائے گا اور ان کی نابودی بہت قریب ہے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے موصل میں عراقی فوج کے آپریشن کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج، شام کی سرحدوں تک پہنچ گئی ہے اور دہشتگردی پر عراقی فوج اور عوام کی فتح کا بھی جلد ہی اعلان کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب البدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ایک سینیئر کمانڈر ہادی العامری نے اعلان کیا ہے کہ امریکیوں کو شام سے ملنے والی عراق کی سرحدوں کو کنٹرول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ عراقی علاقوں کو آزاد کرانے کے سلسلے میں انھیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے اور عراق کے تمام علاقوں کو عراقی فوج اور عراقی عوام اپنے بل بوتے پر آزاد کرائیں گے۔ ہادی العامری نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکی فوجیوں کو مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس بات سے ان کو باخبر کیا جا چکا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ عراق کی تقسیم کے منصوبے دفن کئے جا چکے ہیں اور عراق کو تقسیم کئے جانے کی سازش ہرگز کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

ٹیگس