عراق و شام میں داعش کا باہمی رابطہ منقطع
عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ عراق و شام میں موجود دہشت گردوں کے درمیان رابطے کاٹ دیئے گئے ہیں۔
وزیر اعظم حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ عوامی رضاکار فورس نے صوبہ نینوا میں داعش کے خلاف جنگ کے نئے منصوبے پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس کے نتیجے میں عراق و شام میں داعش کا باہمی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے درمیان ہم آہنگی کے باعث شام سے ملنے والی سرحدوں کو محفوظ بنادیا گیا ہے۔
دوسری جانب عراقی فوج کے اعلی افسر نے بتایا ہے کہ عراق اور شام کی مشترکہ سرحدوں پر خندقین بھی کھودی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کے عراق و شام کی سرحدوں کو محفوظ بنا کر داعش کی رسد کے تمام راستے بند کردیئے جائیں اور یہ اقدام اس گروہ کی موت کے مترداف ہوگا۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان شمالی شہر موصل کو داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ موصل کی آزادی کے لیے آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔