Jun ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے خلاف قطر کے جوابی اقدامات

سعودی عرب کی جانب سے تعلقات منقطع اور تمام زمینی، ہوائی اور سمندری راستے بند کیے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دوحہ نے بھی ریاض کے ساتھ تعلقات ختم کرنے اور سعودی عرب کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

مشرق وسطی کی سب سے بڑی ایئر لائن قطر ایئر ویز نے پیر کے روز سے سعودی عرب جانے والی تمام پروزایں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔قطر کی وزارت خارجہ نے بھی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے حالیہ اقدام کو قطر پر بالادستی کا قائم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں دوحہ پر لگائے جانے والے الزامات کو بلاجواز اور بے بنیاد قرار دیا گیا۔قطر کا مزید کہنا تھا کہ اس سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے اس فیصلے کا قطر میں رہنے والے عام شہریوں کی زندگیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔اس سے پہلے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطرکے ساتھ بیک وقت سفارتی تعلقات توڑنے اور دوحہ کے ساتھ فضائی، سمندری اور زمینی راستے بھی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ایک رپورٹ کے مطابق لیبیا نے بھی قطر کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔یمن پر جارحیت کرنے والے سعودی اتحاد کی کمانڈ نے بھی قطر کے ساتھ تعاون ختم اور اس کے فوجیوں کو واپس بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔ایک اور اطلاع کے مطابق سعودی عرب نے ملک میں قائم قطر کے الجزیرہ ٹیلی ویژن کے دفاتر بند اور ان کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے۔ سعودی حکام نے بیرون ملک الجزیرہ ٹیلیویژن کے لیے کام کرنے والیے سعودی صحافیوں اور کارکنوں کو فوری طور پر وطن واپس آنے کا حکم دیا ہے۔دوسری جانب عرب لیگ نے کہا ہے چار عرب ملکوں کے قطر کے ساتھ تعلقات توڑنے کے معاملےمیں کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔عرب لیگ کے ترجمان محمود عفیفی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قطر کے ساتھ چار عرب ملکوں کے تعلقات کے معاملے پر غور کرنا اس تنظیم کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان ملکوں کا آپس کا معاملہ ہے اور اس کا عرب لیگ سے کوئی تعلق نہیں اور فی الحال اس معاملے پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ٹیگس