قدیم موصل میں عراقی فوج کی پیشقدمی جاری
Jun ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
عراقی سیکورٹی فورس نے موصل کے علاقے زنجیلی کو داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرانے کے بعد، موصل شہر کے الشفا ہاسپٹل کی آزادی کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
عراق کی وفاقی پولیس کے سربراہ جنرل رائد جودت نے کہا ہے کہ زنجیلی کے علاقے میں پولیس کے جوانوں نے اپنی کارروائی مکمل کرلی ہے اور اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی پولیس فورس کے دستے، الشفا ہاسپٹل کی آزادی کے لیے پیشقدمی کر رہے ہیں تاکہ قدیم موصل کے علاقے میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا سکیں۔عراق کی وفاقی پولیس کے سربراہ نے واضح کیا کہ میدانی حقائق کے مطابق جنگ بدستور جاری ہے اور دشمن کی حتمی شکست میں صرف تھوڑا وقت باقی بچا ہے۔ زنجیلی کی آزادی کے بعد داعش کے دہشت گرد موصل کے قدیم علاقے میں صرف الشفا ہاسپٹل کے علاقے تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔