Jun ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۷ Asia/Tehran
  • بحران قطر کے حل میں کویت کی ثالثی پر عرب لیگ کی حمایت

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے قطر کے ساتھ بعض عرب ملکوں کے پیدا ہونے والے اختلافات اور بحران کے حل میں کویت کی ثالثی پر اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

عرب لیگ  نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ کویت کے وزیرخارجہ صباح الخالد الصباح نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے خلیج فارس کے علاقے میں موجودہ بحران کے حل کے لئے بروئے کار لائی جانے والی کوششوں اور عمل میں لائے جانے والے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

دوسری جانب کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے جنوبی خلیج فارس کے بعض عرب ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دوحہ اور ریاض کے درمیان جاری اختلافات کے نتائج پر خبردار کیا۔ انھوں نے اس سلسلے میں خلیج فارس تعاون کونسل کے مختلف رکن ملکوں کے اپنے دوروں اور ان دوروں میں مختلف شخصیات سے ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے علاقائی استحکام کے لئے بروئے کار لائی جانے والی کوششوں کی اہمیت پر تاکید کی۔

کویت کے امیر نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے قطر کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کو غیر قانونی اور غیر منصفانہ قرار دیا۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے بھی تاکید کی کہ مختلف ملکوں کے درمیان تعلقات، ایک دوسرے کے اندرونی امور میں عدم مداخلت کے اصول پر استوار ہونے چاہئیں۔

 دوسری جانب قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان نے اپنے دورہ پیرس میں دوحہ کے خلاف عائد کئے جانے والے الزامات کے بارے میں شفاف مذاکرات کی ضرورت پر تاکید کی۔

انھوں نے حالیہ کشیدگی کے بارے میں خلیج فارس تعاون کونسل اور عرب لیگ  کی خاموشی اور کمزور موقف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں تنظیموں نے ایسی حالت میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے کہ انھیں علاقے کے مسائل میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ قطر کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت الزامات کا جائزہ لئے جانے کی ضرورت ہے جبکہ الزامات لگانے والے ممالک کو ان الزامات کے بارے میں جواب دہ ہونا پڑے گا۔

ٹیگس