شام: رقہ پر امریکی حملے میں عام شہریوں کا جانی نقصان
Jun ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
شام کے شمالی شہر رقہ پر امریکہ کی سرکردگی میں ہونے والے حملے میں کم از کم چھے عام شہری جاں بحق ہو گئے جن میں چار عورتیں اور بچے شامل ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے رقہ میں شامی شہریوں کی حامل ایک کشتی کو اس وقت اپنے حملے کا نشانہ بنایا جب یہ عام شہری داعش دہشت گرد گروہ کی جارحیت سے بچ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس حملے میں کم از کم دو عام شہری جاں بحق ہوئے۔
اس سے قبل شہر رقہ پر امریکی اتحاد کے حملوں میں دسیوں عام شہری مارے گئے تھے۔
شہر رقہ میں سیف الدولہ علاقے پر امریکی اتحاد کے فوجیوں کی گولہ باری میں چار عام شہری جاں بحق ہوئے جن میں تین بچے شامل ہیں۔
اس سے قبل امریکی جنگی طیاروں نے البارود اور دبسی عفنان پر حملہ کیا تھا جس میں اٹھارہ عام شہری مارے گئے تھے۔