Jun ۱۶, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • کائنات کے گوشہ وکنار میں مولائے کائنات کا ماتم

مولائے کائنات حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم شہادت پر پوری دنیا میں مجالس غم اور نوحہ خوانی کا سلسلہ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے

اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کے ایام شہادت کا غم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اس موقع پر پورا ایران سوگوار و عزادارہے جبکہ عراق، شام، لبنان، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں بھی ایام عزا کی مناسبت سے نوحہ خوانی و سینہ زنی اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے اور جلوس عزا برآمد کئے جا رہے ہیں۔

عاشقان امامت و ولایت نے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امامبارگاہوں اور مذہبی مقامات میں جمع ہو کر مولی الموحدین امام علی علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے عزاداری وسینہ زنی کی اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے اور ہر طرف سوگ اور ہر علاقہ سیاہ پوش ہے۔ سوگواروں اور عزاداروں کی آہ و بکا بلند ہے، ماتمی دستے اور انجمنیں سڑکوں پر نوحہ و ماتم کرتی نظر آرہی ہیں۔ امیر المومنین علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر مشہدمقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام کا حرم مطہر مومنین اور سوگواروں سے مملو ہے جو ایران کے مختلف شہروں اور دنیا کے الگ الگ ملکوں سے وہاں پہنچے ہوئے ہیں -قم میں بھی جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا حرم مطہر مومنین اور عاشقان اہلبیت سے چھلک رہا ہے اور ہرطرف داماد رسول اور اللہ کے حبیب کے جانشین حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کے غم میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی صدائیں بلند ہیں - تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کے حرم میں بھی سوگواروں کا جم غفیر ہے جو مولائے متقیان، امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطاب (ع) کے یوم شہادت کی مناست سے اشک عزا بہا رہا ہے۔ حسینیہ امام خمینی میں بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی شرکت سے مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جہاں علمائے کرام اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت، حضرت علی علیہ السلام کے فضائل و مناقب اور آپ پر پڑنے والے مصائب بیان کرکے چاہنے والوں اور سوگواروں کو مثاب کررہے ہیں -

اکیس رمضان المبارک مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت ہے - انیس رمضان المبارک سن چـالیس ہجری قمری کو کائنات کے سب سے شقی القلب شخص ابن ملجم مرادی ملعون نے زہر میں بجھی ہوئی تلوار سے مسجد کوفہ میں مولاعلی علیہ السلام کے سر مبارک پر جو وہ حالت نماز میں تھے ضرب لگائی اور یوں دو روز تک زخموں کی شدت کو برداشت کرنے کے بعد مولائے کائنات اکیس رمضان کو شہادت کے عظیم منصب پر فائز ہوئے -مولائے کائنات کے ایام شہادت کی مناسبت سے نجف اشرف سمیت پورے عراق کی فضا مکمل سوگوار و عزادار ہے ۔ نجف اشرف میں عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے زائرین اورسوگوار جناب امیر کے حرم مطہر اور اطراف حرم میں مجالس عزا برپا کرکے اپنے آقا و مولا کا غم منا رہے ہیں -

پاکستان اور ہندوستان میں بھی حضرت علی علیہ السلام کے ایام شہادت کی مناسبت سے مختلف شہروں اور قریوں میں مجالس غم اور جلوسہائے عزا برآمد کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور روزہ دار سوگوار جلوسہائے عزا برآمد کرکے مولائے متقیان کی مظلومانہ شہادت پر نوحہ خوانی و سینہ زنی کررہے ہیں -

 

ٹیگس