عراق: موصل کے قدیمی علاقے کو آزاد کرانے کی کارروائی کا آغاز
عراق کے نینوا آپریشنل کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ موصل کے قدیمی علاقے کو آزاد کرانے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق نینوا کے آپریشنل کمانڈر عبدالامیر یاراللہ نے اتوار کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شمالی عراق میں موصل کے قدیمی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور اس مشترکہ کارروائی میں عراقی فوج اور پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب عراقی پولیس کے سربراہ میجر جنرل جودت شاکر نے اعلان کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے موصل کے مغرب میں الشفا کے شمالی علاقے پر حملہ کر کے انّیس داعش دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ہفتے کے روز بھی کارروائی کی اور بلڈ بینک اور طبی مرکز کی عمارتوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
عراق کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی عراق کے دو صوبوں دیالہ اور کرکوک میں دس داعش دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جن میں کئی سرغنہ شامل ہیں۔