Jun ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۸ Asia/Tehran
  • قطر کے لئے بعض عرب ممالک کے 13 مطالبات

بعض عرب ممالک نے قطر کے ساتھ جاری بدترین بحران کو ختم کرنے کے لیے 13 مطالبات پیش کیے جن کو پورا کرنے کے لیے اسے 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔

سعودی عرب سمیت چار عرب ممالک نے 5 جون کو قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ غیر ملکی میڈیا نے عرب سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے تنازع کو ختم کرنے کے لیے قطر کو ایک فہرست ارسال کی ہے، جن میں الجزیرہ ٹی وی کو بند کرنے، ایران کے ساتھ تعلقات میں کمی اور قطر میں ترک فوجی اڈے کو بند کرنے سمیت 13 مطالبات شامل ہیں۔

عرب ممالک نے قطر سے مطالبہ کیا ہے کہ بحران کے حل کے لیے اسے اخوان المسلمین، حماس اور حزب اللہ سمیت دیگر تنظیموں کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے ہوں گے ۔ ان چار ممالک نے قطر سے اپنے داخلہ و خارجہ امور میں مداخلت بند کرنے اور ان ممالک کے شہریوں کو قطری شہریت دینے کا سلسلہ بند کرنے کے بھی مطالبات کیے۔

عرب ممالک نے قطر کو ان مطالبات کو پورا کرنے کے لیے 10 روز کی مہلت دی ہے ۔ قطر کو یہ فہرست کویت نے فراہم کی ہے جو فریقین میں ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے۔

فوری طور پر ان مطالبات کے حوالے سے قطر کا موقف سامنے نہیں آیا تاہم چند روز قبل قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا تھا کہ ان کا ملک اس وقت تک چاروں عرب ممالک سے مذاکرات نہیں کرے گا جب تک وہ قطر پر سے اپنی پابندیاں اٹھا نہیں لیتے۔

ٹیگس