Jun ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۸ Asia/Tehran
  • عالمی یوم القدس بیت المقدس کے غاصبوں کے مقابلے میں اتحاد کا دن

فلسطینی گروہوں نے عالمی یوم القدس کو مقبوضہ بیت المقدس کو لاحق خطرات اور صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت کے ذریعے عالم اسلام اور دنیائے عرب کی تقویت کے لئے ایک بہترین موقع قرار دیا ہے۔

فلسطینی گروہوں نے اعلان کیا ہے کہ عالمی یوم القدس، مسئلہ بیت المقدس کے احیا اور مسلمانوں کے اہم ترین مسئلے کی حیثیت سے فلسطین کی جانب توجہ مبذول کرانے کے لئے ایک بہترین موقع ہے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما احمد مدلل نے عالمی یوم القدس کو عربوں کو مسئلہ فلسطین کی جانب توجہ دلانے اور مسلم رائے عامہ کی بیداری کا ایک اہم عامل قرار دیا اور کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، علاقے کی صورت حال اور دنیائے عرب و عالم اسلام کی کمزوری سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے بیت المقدس کا نقشہ تبدیل اور اسے یہودیوں کا شہر بنانے کے لئے اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرتی۔

انھوں نے اسی طرح غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کے لئے خلیج فارس تعاون کونسل کے بعض رکن ملکوں کی کوششوں کو خطرناک اور قابل افسوس قرار دیا۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی مرکزی کمیٹی کے رکن حسین منصور نے بھی فلسطینیوں کی استقامت و مزاحمت کے لئے علاقے کے ملکوں کی حمایت اور اس کی تقویت کے لئے اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔

ڈیموکریٹک محاذ برائے آزادی فلسطین کے سیاسی دفتر کے رکن طلال ابو ظریفہ نے بھی عرب و اسلامی ملکوں سے مطالبہ کیا کہ بیت المقدس فنڈ کے قیام اور صیہونی حکومت کے خلاف کارروائی نیز بیت المقدس کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے کے لئے عالمی اداروں سے رجوع کیا جائے۔

تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ کے ترجمان ابوالحسن نے حمایت انتفاضہ فلسطین بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد اور غزہ و ایران کے مشترکہ اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کو آزاد کرائے جانے کا وقت آ گیا ہے۔

تحریک حماس کے رہنما اسماعیل رضوان نے عالمی یوم القدس کانفرنس میں کہا کہ یوم القدس مسلمانوں کو ایک انتباہ دینے کے مانند ہے تاکہ وہ اس بات کی نشاندہی کریں کہ ان کا اصل مسئلہ، مسئلہ فلسطین اور غاصبوں کے خلاف حقیقی جنگ ہے۔ انھوں نے بیت المقدس سے متعلق غاصبوں کے خطرے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسلحہ اور استقامت، بیت المقدس، فلسطین کی آزادی اور فلسطینی قیدیوں کو رہا کرانے کے اہم ترین ذرائع ہیں۔

جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما خالد البطش نے بھی کہا کہ امریکہ و اسرائیل کی خواہش کے برخلاف مسئلہ فلسطین، عرب و عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے۔

انھوں نے فلسطین کی حمایت میں ایران کے کردار کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، قوموں کے حقوق اور حکومتوں کی حمایت نہیں کر سکتا۔ اور وہ صرف اپنے مفادات اور اسرائیل کی حمایت کی فکر میں رہتا ہے۔

ٹیگس