Jun ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے مطالبات غیرمنطقی ہیں : قطر

قطر کے وزیر خارجہ نے خلیج فارس میں اپنے پڑوسی ممالک کے جائز مطالبات کے بارے میں مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بعض مطالبات غیر منطقی ہیں۔

سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے قطر کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے تیرہ نکات پر مشتمل مطالبات کی فہرست دوحہ کو پیش کی ہے اور کہا ہے کہ قطر کے ساتھ ان کے تعلقات اسی وقت معمول پر آسکتے ہیں جب ان کے مطالبات پورے کئے جائیں گے۔
قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے اسے جو فہرست دی گئی ہے اس میں ایسے مطالبات بھی ہیں جو غیر منطقی ہیں اور اس بنا پر انھیں پورا نہیں کیا جا سکتا۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کی جانب سے قطر کو پیش کی جانے والی مطالبات کی فہرست میں سب اہم ایران اور حزب اللہ کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنا، الجزیرہ ٹی وی چینل کو بند کرنا اور قطر سے ترکی کے فوجی اڈے کو ختم کرنا ہے۔
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر داعش، القاعدہ اور حزب اللہ سے رابطہ ختم نہیں کر سکتا کیونکہ ان گروہوں کے ساتھ اس کا کوئی رابطہ ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کاملک سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے افراد کو بھی قطر سے باہر نہیں کر سکتا کیونکہ سپاہ پاسداران کا کوئی رکن قطر میں موجود ہی نہیں ہے۔
قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے تاکید کے ساتھ کہ اس بات کے پیش نظر قطر اس نتیجے پر پہنچ چکا ہے کہ اسے دی جانے والی مہلت کا مقصد مد نظر مسائل کو حل کرنا نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد قطر کو اپنے اقتدار اعلی کے حق سے پسپائی اختیار کرنے کے لئے دباؤ ڈالنا ہے اور وہ ایسا ہرگز نہیں کرے گا۔

ٹیگس