سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کا فروغ
صیہونی کابینہ کے ایک وزیر نے سعودی عرب کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات کے فروغ کی خبر دی ہے۔
صیہونی اخبار یدیعوت احارانوت کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیرانٹیلی جنس یسرائیل کٹس نے اعلانیہ طور پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے درخواست کی ہے وہ اسرائیل کے وزیراعظم کو ریاض کا دورہ کرنے کی باضابطہ طور پر دعوت دیں۔
اسرائیل کے اس وزیر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسرائیل، تعلقات کو معمول پر لائے جانے کے مقابلے میں سعودی عرب اور خلیج فارس کے دیگر عرب ملکوں کو اطلاعات و سیکورٹی سے متعلق شراکت کے منصوبے کی تجویز پیش کرسکتا ہے۔
اس وزیر نے یہ بھی کہا کہ بحران قطر کی بنا پر سعودی عرب کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات تیزی سے بڑھے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ماہ کے دوران صیہونی حکومت کے ساتھ عرب ملکوں کے تعلقات کی برقراری کا عمل تیز ہوا ہے اور سعودی عرب و اردن جیسے ممالک، اس سلسلے میں دیگر عرب ملکوں سے سبقت لے گئے ہیں۔