Jul ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • قطر کی جانب سے سعودی عرب کی شرطیں مسترد

قطر کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی شرطوں کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے ہفتے کی رات اٹلی میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ قطر سے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے مطالبات، ان کے ملک کی قومی حاکمیت کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں، تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ قطر سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی پیش کردہ تیرہ شرطوں کو تسلیم نہیں کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ قطر، صرف مناسب وقت پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادہ ہے۔
قطر کے وزیر خارجہ کا یہ بیان، ایسی حالت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب کی جانب سے شرطوں کو تسلیم کرنے سے متعلق دوحہ کو دی جانے والی مہلت ختم ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے تئیس جون کو قطر سے تیرہ مطالبات اور شرطوں کی ایک فہرست پیش کی تھی اور اعلان کیا ہے کہ جب تک دوحہ ان شرطوں کو نہیں مانے گا قطر کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں آئیں گے۔
ان شرطوں میں اہم ترین شرط ایران اور حزب اللہ کے ساتھ رابطے منقطع کرنا اور الجزیرہ ٹی وی چینل بند اور قطر سے ترکی کا فوجی اڈہ ختم کیا جانا ہے۔
جبکہ ان ملکوں نے اپنی پیش کردہ شرطوں پر عمل اور تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے قطر کو صرف دس روز کی مہلت دی ہے۔

ٹیگس