عراق میں داعشی دہشت گردوں کی اجتماعی خودکشی
عراق کے نینوا آپریشنل کمانڈ نے کہا ہے کہ موصل کی آزادی میں پچّیس ہزار داعشی دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔
عراق سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق نینوا آپریشن کے کمانڈ کے سربراہ عبدالامیر یارالله کا کہنا تھا کہ موصل کی آزادی کیلئے نو ماہ سے جاری آپریشن میں داعش کے پچّیس ہزار دہشت گرد ہلاک ہوئے، چار سو سے زائد خودکش حملہ آوروں کو نشانہ بنایا گیا اور بائیس سو سے زائد گاڑیوں کو تباہ کیا گیا جنھیں بم دھماکوں کیلئے تیار کیا گیا تھا۔
نینوا آپریشنل کے کمانڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں دہشت گرد گروہ داعش کے ایک سو تیس سے زائد ڈرون طیاروں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موصل کی آزادی کے آپریشن میں ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد فوجیوں، پولیس اہلکاروں اورعوامی رضاکاروں نے شرکت کی۔
کمانڈرعبدالامیر یارالله نے کہا کہ تلعفر، العیاضیه اور المحلبیه کی آزادی نیز صوبہ نینوا کی مکمل آزادی کیلئے آپریشن کا چوتھا اور آخری مرحلہ جلد ہی شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے دس جولائی کو دہشت گرد گروہ داعش کی شکست اور موصل کی مکمل آزادی کا اعلان کیا تھا۔
دہشت گرد گروہ داعش نے صوبہ نینوا کے مرکز موصل پردس جون دو ہزار چودہ میں قبضہ کر لیا تھا۔
دوسری جانب عراقی سیکورٹی اہلکاروں سے بری طرح سے شکست کھا جانے کے بعد داعش دہشت گرد گروہ کے خودکش عناصر نے دریائے دجلہ کے کنارے اجتماعی خودکشی کر لی۔
لبنان کے المیادین ٹی وی چینل نے داعش دہشت گردوں کے اس اقدام کی براہ راست تصاویر نشر کیں ہیں۔
ان دہشت گرد عناصر نے اپنا محاصرہ اور اس بات کا یقین ہو جانے کے بعد کہ اب وہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں میں پہنچ کر خودکش دھماکے بھی نہیں کر سکیں گے خود کو دھماکوں سے اڑا لیا۔
دریں اثنا عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے مغربی موصل میں باقی بچے دہشت گردوں کو خبردار کیا ہے کہ ان کے پاس صرف دو ہی راستے بچے ہیں یا خودکشی کرلیں یا پھر تسلیم ہو جائیں۔
اسی اثنا میں عراق کی مشترکہ فوجی کمان نے اعلان کیا ہے کہ موصل کے سرنگوں سے ڈھائی سو داعشی عناصر کو گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر عراقی پولیس کے سربراہ رائد شاکر جودت نے موصل میں داعش گروہ سے فرار ہوجہنے والے عراقی عام شہریوں کی تعداد نو ہزار، چھے سو، پینتیس بتاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پناہ گزینوں کی تعداد ترسٹھ ہزار، چھے سو چار ہو گئی ہے۔