تحریک انصاراللہ کی جانب سے نئے سعودی جرائم کی مذمت
یمن کی تحریک انصار اللہ نے صوبہ صعدہ میں سعودی عرب کے نئے جرائم کی مذمت کی ہے-
جمعے کو یمن کے صوبہ صعدہ پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حملے میں تیرہ بےگناہ شہری جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے تھے- تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی برادری ، یمن میں سعودی جرائم کے نتائج کی ذمہ دار ہے- تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی فوجی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے تمام علاقوں میں سعودی جارحین اوراس کے اتحادی فوجیوں کے اڈوں کو نشانہ بنائیں - دوسری جانب یمنی فوج اور رضاکار فورس نے صوبہ لحج کے کہبوب علاقے میں سعودی فوجیوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا- المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک فوجی ذریعے نے کہا کہ یمنی فوجیوں اور رضاکار فورس نے سعودی اتحادی فوجیوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے کئی اتحادی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا- سعودی عرب کے حکام نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ اس ملک کا ایک فوجی فہد بن عبداللہ الذیانی، جنوبی یمن کے سرحدی علاقوں میں انصاراللہ کے جوانوں کے ہاتھوں ہلاک کر دیا گیا ہے- اس سعودی فوجی افسر کی ہلاکت سے یمن سے ملحق سعودی سرحدی پٹی پر دس مئی سے اب تک ہلاک ہونے والے سعودی فوجیوں کی تعداد سینتالیس ہوگئی ہے- سعودی عرب مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر حملے کر رہا ہے - سعودی عرب کے ان جارحانہ حملوں میں تقریبا چالیس ہزار یمنی شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہوگئی ہیں-