قطر 80 ممالک کے لیے آزاد
قطر نے 80 ممالک کے شہریوں کے لیے بغیر ویزا داخلے کی سہولت کا اعلان کر دیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطری حکام نے اعلان کیا ہے کہ 80 ممالک کے شہری اب بغیر ویزا ان کے ملک میں داخل ہو سکیں گے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق ان 80 ممالک کے وہ شہری جو قطر آنے کے خواہش مند ہیں انہیں پیشگی ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ قطر پہنچنے پر ایئرپورٹ پر ہی انہیں ملٹی انٹری ویزا جاری کیا جائے گا جو بالکل مفت ہو گا۔ ویزا حاصل کرنے والے افراد کو محض اپنا پاسپورٹ دکھانا ہو گا جس کے ختم ہونے کی معیار چھ ماہ سے زیادہ ہونی چاہیئے جبکہ ساتھ ہی انہیں ریٹرن ٹکٹ بھی پیش کرنا ہو گا۔
ان ملکوں کے شہریوں کو ایئرپورٹ پر ہی ویزے سے استثنیٰ کی سہولت دی جائے گی جو 180، 90 یا پھر 30 دن کے لیے اور قابل تجدید ہو گی۔ قطر کے قائم مقام چیئرمین برائے سیاحتی اتھارٹی حسان الابراہیم کا کہنا ہے کہ 80 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت کے ساتھ قطر خطے میں سب سے زیادہ قابل رسائی ملک بن گیا ہے اور ہم ان ممالک کے شہریوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ قطر آئیں اور ہماری میزبانی، ثقافت اور قومی ورثے سے محظوظ ہوں ۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیج فارس کے5 ممالک نے دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرکے قطر کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور مذاکرات کے لئے کئی شرائط عائد کیں جنھیں قطر نے اس ملک کے داخلی امور میں مداخلت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔