حضرت امام موسی کاظم (ع) کا یوم ولادت مبارک ہو
فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر عراق و ایران سمیت دنیا بھر میں محفل میلاد کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
فرزند رسول امام موسی کاظم علیہ السلام 20 ذی الحجه سال 128 ہجری کو ابواء نامی گاؤں میں جو مکے اور مدینے کے در میان واقع ہے، اس دنیا میں تشریف لائے۔ فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر عراق کے شہر کاظمین، نجف اشرف،کربلائے معلی اور اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا سراپا جشن وسرور ہے۔ اس پرمسرت موقع پر ایران کے سبھی شہروں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور جگہ جگہ جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔
پاکستان و ہندوستان سے بھی خبریں ہیں کہ آسمان امامت ولایت کے ساتویں آفتاب عالم تاب حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا جشن ولادت بہت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جبکہ امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کے موقع پر آپ کے لاکھوں شیدائی بغداد کے علاقے کاظمین پہنچ چکے ہیں جہاں آپ کا روضہ اقدس واقع ہے۔ عراق کے مختلف شہروں سے زائرین پیدل چل کر کاظمین پہنچے ہیں۔ اس موقع پر بغداد، کاظمین اور خاص طور پر زائرین کے راستوں میں سیکورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
فرزند رسول امام موسی کاظم علیہ السلام سن ایک سو اٹھائیس ہجری میں مکہ و مدینہ کے درمیان واقع علاقے ابوا میں اس دنیا میں تشریف لائے آپ کی مدت امامت پینتیس برسوں پر مشتمل تھی۔ اس عرصے میں آپ نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد بھی دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا- علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا اور آپ کی اسی مقبولیت سے خائف ہو کر عباسی خلیفہ ہارون رشید نے ظالم زندان بان سندی بن شاہک کے ذریعے زہر دغا دلوا کر انتہائی مظلومیت کے عالم میں شہید کردیا۔
امام موسی کاظم علیہ السلام کی مظلومیت کا یہ عالم تھا کہ ظالم خلیفہ نے آپ کو انتہائی تنگ و تاریک قیدخانوں میں برسوں تک قید رکھا چنانچہ آپ کی حیات طیبہ کا بیشتر حصہ قید خانے میں ہی گزرا۔
سحرعالمی نیٹ ورک اس مبارک موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین، قارئین اور چاہنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔