Sep ۱۷, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں

ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور کسی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اس حوالے سے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنائے۔

دورۂ ترکی پر موجود پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب میں ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ شہباز شریف کا یہ دورہ پاک ترک دوستی کو مزید استحکام دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔ بن علی یلدرم نے کہا کہ وہ ترکی اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں۔ ترک وزیراعظم نے پنجاب حکومت کے ساتھ کم آمدنی والے افراد کیلئے رہائشی سہولتیں، ٹرانسپورٹ، صحت، امن وعامہ اور دیگر شعبوں میں مدد اور تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر کافی حد تک قابو پالیا ہے، ترکی جیسے دوستوں کی مدد اورتعاون سے اس جنگ پر بہت جلد مکمل قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیاں اقوام عالم کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہیں۔

ٹیگس