Sep ۲۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
  • خواتین سے متعلق متنازع بیان، سعودی عالم پر پابندی عائد

خواتین سے متعلق متنازع بیان دینے پر سعودی عالم دین کی امامت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے مغربی صوبہ عسیر کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن عبدالعزیز نے علاقائی افتاء کونسل کے رکن شیخ سعد الحجری کو خواتین کے بارے میں ایک متنازع بیان دینے کے بعد امامت، خطابت اور تمام دیگر دعوتی سرگرمیوں سے روک دیا ہے۔

شیخ الحجری نے چند روز قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ خواتین کے پاس مردوں کی نسبت ایک چوتھائی عقل ہوتی ہے۔ ان کے اس بیان پر عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا جب کہ سوشل میڈیا پر بھی ان کی حمایت اور مخالفت میں بحث چھڑ گئی۔

گورنر عسیر کے ترجمان سعد بن عبداللہ آل ثابت نے ایک اعلامیے میں متنازع بیان کو اشتعال انگیز اور توہین آمیز قرار دیا، اور کہا کہ کسی بھی انسان کو مسجد ومنبر کے محراب سے ایسے خیالات وافکار پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے معاشرے کے مختلف طبقوں میں انتشار پھیلایا جائے۔

 

ٹیگس