صنعا اور یمن کے مختلف شہروں میں عزاداری کے عظیم الشان اجتماعات
یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں عاشقان حسینی نے عزاداری کا اجتماع کر کے امام عالیمقام کے مشن کو آگے بڑھانے کے عہد کا اعلان کیا۔
المیسرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے عزاداری کے عظیم اجتماعات میں شریک سوگواروں نے شہدائے کربلا کا ماتم کرنے کے ساتھ ساتھ یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کی اور حملوں کو فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا-
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے صنعا میں عزاداروں کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روز عاشوا اور عزاداری امام حسین علیہ السلام کا فلسفہ یہ ہے کہ امام عالیمقام کا انقلاب جاودانی اور ابدی ہے اور آنے والی نسلیں یکے بعد دیگرے اس کے ثمرات اور برکتوں سے مستفید ہوتی رہیں گی-
انہوں نے یمن پر سعودی عرب اور متحدہ عرب کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حکومتیں امریکی تسلط پسندی کا ہی تسلسل ہیں-
انصاراللہ کے سربراہ نے جارح سعودی افواج کے مقابلے میں یمن کے قبائل کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے جارح قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے یمن کے سبھی گروہوں اور قبائل سے درخواست کی کہ وہ باہمی اتحاد کو زیادہ سے زیادہ مستحکم بنائیں-
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے لبنان اور فلسطین کی استقامتی تحریکوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم یمن میں امریکا اور عالمی سامراج کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔