بنگلہ دیش: جماعت اسلامی کے متعدد رہنما گرفتار
Oct ۱۱, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
بنگلہ دیش کی پولیس نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے الزام میں بنگلہ دیش کی سب سے بڑی جماعت (جماعت اسلامی) کے متعدد رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے امیرمقبول احمد اور جنرل سیکریٹری شفیق الرحمن سمیت 8 رہنماؤں کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا ۔ ان رہنماؤں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور اس کی منصوبہ بندی کے لئے میٹنگ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی نے ایک بیان جاری کرکے ان الزامات کی تردید کی ہے اور اس کے خلاف آج مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جس میٹنگ کی بات کی جا رہی ہے وہ ایک غیررسمی ملاقات تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقتدار پر قابض رہنے کے لئے ہمارے بے گناہ حامیوں کو حراست میں لے کر ہراساں کر رہی ہے۔