میانمار میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حق میں ریلی نکالی گئی
Oct ۱۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
میانمار کی ریاست راخین میں امن کے قیام کے لئے ہزاروں شہریوں نے بین المذہبی ہم آہنگی کے حق میں ریلی نکالی۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق میانمار کے سب سے بڑے شہر ینگون میں نکالی جانے والی امن ریلی میں مختلف مذاہب کے ماننے والے دس ہزار سے زائد شہریوں نے ینگون فٹبال اسٹیڈیم میں جمع ہوکر بین المذاہب ہم آہنگی کے حق میں نعرے لگائے۔
ریلی میں بدھ مت کے پیروکاروں سمیت مسیحی، ہندو اور مسلم شہری بھی شامل تھے۔
میانمار کی ریاست راخین میں روہنگیائی مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات کے باعث کافی زیادہ نسلی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 25 اگست سے اب تک چھے ہزار سے زیادہ روہنگیا مسلمان جاں بحق اور کم سے کم آٹھ ہزار افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پانچ لاکھ کے قریب افراد بنگلادیش فرار کرچکے ہیں۔