Oct ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • امریکہ کسی بھی معاہدے کی  پابندی نہیں کرتا، ڈاکٹر لاریجانی

ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکہ بین الاقوامی معاہدوں اور اقوام متحدہ کو کوئی اہمیت نہیں دیتا اور وہ کسی بھی معاہدے کی پابندی نہیں کرتا۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اتوار کے روز روس کے شہر سینٹ پٹرز برگ میں انٹرپارلیمنٹری یونین کے ایک سو سینتیسویں اجلاس سے اپنے خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ کے ایران مخالف اور ایران سے دشمنی پر مبنی بیان کو واشنگٹن کی معاہدے پر عدم پابندی کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ امریکہ نے ایران کے داخلی امور منجملہ انّیس سو ترپن میں ایران کی قانونی حکومت کے خلاف بغاوت کراکے، اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد بھی بغاوت کی کوشش، ایران پر حملے میں عراقی بعثی حکومت کی مدد اور انّیس سو اٹھّاسی میں ایران کا مسافربردار طیارہ مار گرانے جیسے اقدامات کئے اورحیرت کی بات ہے کہ امریکی صدر اس قسم کے سیاسی ماضی کے باوجود ایرانی قوم سے ہمدردی کی بات کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف الزام تراشی کو بھی داعش دہشت گرد گروہ کے لئے امریکی حمایت آئینہ دار قرار دیا اور کہا کہ سپاہ ایک عوامی فوجی قوت ہے جو عراق و شام کی حکومتوں کی درخواست پر ان ملکوں کی مدد کے لئے آگے بڑھی تاکہ داعش دہشت گرد گروہ کا قلع قمع کیا جاسکے مگر امریکہ اسی پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگا رہا ہے جبکہ خود امریکی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کے وجود کے وہ خود ہی ذمہ دار ہیں۔

ٹیگس