عراق: مخمور سے بھی پیشمرگہ کی پسپائی
عراقی فوجی، شمالی علاقوں میں اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سنجار اور مخمور شہروں میں داخل ہو گئے ہیں-
اربیل سے سحر ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوجی دستوں نے منگل کو شمالی عراق کے شہر سنجار میں داخل ہو کر شہر کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے-
عراقی فوجی، بغیر کسی جھڑپ اور خون خرابے کے سنجار میں داخل ہو گئے-
درایں اثنا فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ پیشمرگہ ملیشیا نے مخمور سے پسپائی اختیار کرلی ہے-
دوسری جانب شہر کرکوک پر عراقی فوجیوں کے کنٹرول کے بعد عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے فوج کو فرمان جاری کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کریں-
کرکوک کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ کرکوک کے ادارے اور دفاتر منگل کو اپنا کام جاری رکھیں گے-
ایک اور رپورٹ کے مطابق کرکوک کے حالات کے بعد پیٹریاٹک یونین آف کردستان اور کردستان ڈیموکریٹ پارٹی کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں-
دونوں پارٹیاں ایک دوسرے پر خیانت کا الزام لگا رہی ہیں- عراقی کردستان علاقے میں ہوئے حالیہ ریفرنڈم سے کہ جس کی اقوام متحدہ، عالمی برادری اور پڑوسی ممالک نے مخالفت کی ہے اور صرف صیہونی حکومت حمایت کر رہی ہے، علاقے میں بحران پیدا ہو گیا ہے-