شمالی عراق کے مزید علاقوں سے پیشمرگہ کی پسپائی
Oct ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
عراق کی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ پیشمرگہ ملیشیا شمالی عراق کے گویر علاقے سے بھی باہر نکل گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شمالی عراق میں عراقی افواج کی پیشقدمی جاری ہے اور منگل کو مزید علاقے، جو داعش کے خلاف جنگ سے پہلے مرکزی حکومت کے پاس تھے، عراقی حکومت کی تحویل میں دے دیئے گئے۔
جو علاقے عراق کی مرکزی حکومت کے کنٹرول میں دیئے گئے ہیں ان میں سنجار، جلولا، خانقین اور مخمور نیز گویر شامل ہیں-
اس وقت مذکورہ علاقوں کی صورت حال قدرے پرسکون ہے اور عوام کی معمول کی زندگی جاری ہے جبکہ شہر کرکوک کے زیادہ تر لوگ، جو شہر سے باہر نکل گئے تھے تاہم آج وہ واپس لوٹ رہے ہیں-
حکومت عراق نے شمالی علاقوں کے شہریوں کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے فوجی اتفاق رائے سے شہروں میں داخل ہو رہے ہیں اور انھیں خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے-