غاصب صیہونی حکومت کے خلاف استقامت پرتاکید
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسلامی مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین کے دوسرے اجلاس کے اختتامی اعلامیہ میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف استقامت پر تاکید کی گئی ہے۔
العہد کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسلامی مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین کے دوسرے اجلاس کے اختتامی اعلامیہ میں غاصب صہیونی حکومت کے خلاف استقامت پر تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطین سے غاصب صہیونیوں کو باہر نکالنے کا واحد راستہ استقامت اور ثابت قدمی ہے۔
مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین کے شرکاء نے اپنے بیان میں برطانوی حکومت کی طرف سے بالفور بیانیہ کی دوبارہ حمایت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم میں برطانیہ کو برابر کا شریک قراردیا ہے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین نے بعض اسلامی ممالک کی طرف سے اسرائیل کو سرکاری طور پرتسلیم کرنے کو اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ بہت بڑی خیانت قراردیا ہے۔
مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین نے اپنے اختتامی بیان میں مسئلہ فلسطین کو امت مسلمہ کا اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو اس مسئلہ پر اپنی توجہ مبذول کرنی چاہیے۔
مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین نے سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو استوار کرنے کی کوششوں کی بھر پور مذمت کی اور اسے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کھلی سازش اور دشمنی قراردیا ۔