روہنگیا پناہ گزین خسرے کی بیماری میں مبتلا
اقوام متحدہ نے روہنگیا پناہ گزینوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ اور بنگلہ دیش کی حکومت نے بنگلہ دیش میں کیمپوں میں رہ رہے روہنگیا بچوں میں بڑی تعداد میں خسرے کے کیسز سامنے آنے کے بعد ان کی ویکسینیشن کی کوشش شروع کر دی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے دفتر نے بتایا کہ خسرہ ایک جان لیوا بیماری ہے اور خاص طور پر پرورش سے محروم اور کمزور بچوں کے لئے یہ زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔
میانمار کے راخین صوبے سے ہجرت کرکے بنگلہ دیش پہنچے پناہ گزینوں میں خسرہ صحت کے بڑے مسئلے کے طور پر سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران میانمار کے صوبے راخین میں جاری وحشیانہ حملوں اور جارحیت کے نتیجے میں لاکھوں روہنگیا مسلمان اپنی جان بچا کر بنگلہ دیش فرار ہو گئے ہیں۔
میانماری فوج اوراس ملک کے انتہا پسند بدھسٹوں کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں جسے اقوام متحدہ نے بھی قومی تطہیر سے تعبیر کیا ہے، چھے ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان جاں بحق اور آٹھ ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ آٹھ لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمانوں نے بنگلہ دیش میں پناہ لے رکھی ہے۔