سعودی دھمکیوں کا سخت جواب دیں گے، انصاراللہ
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کی دھمکیوں کا پوری سختی کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے میڈیا سیل کے انچارج اور سیاسی دفتر کے رکن نصرالدین عامر نے ایک انٹرویو میں یمن کے خلاف سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کی دھمکیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے میدانوں میں جارح قوتوں کے خلاف جنگی کارروائیوں میں شدت دھمکیوں کے مقابلے میں یمنی عوام کی جانب سے واضح جواب ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کی پالیسیاں امریکا کی ڈکٹیٹ کردہ پالیسیاں ہیں اور امریکا اور سعودی عرب سمجھتے ہیں کہ ان پالیسیوں کے ذریعے یمن کے عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔
انصاراللہ کے مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے ایجنٹوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ یمنی عوام نے خطرات کے مرحلے کو عبور کر کے آج یہ صلاحیت اور توانائی حاصل کرلی ہے کہ وہ جارح قوتوں کے اسٹریٹجیک ڈیپتھ کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔
اس درمیان یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے رکن توفیق الحمیری نے اعلان کیا ہے کہ یمن کی میزائلی صلاحیت خود یمنی فوج کی اپنی صلاحیت ہے۔
انہوں نےرشا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت یمن کی میزائلی توانائیوں سے انکار کر رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یمن کے لئے ایران کی اخلاقی حمایت کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ایران فوجی مدد کررہا ہے۔
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے رکن توفیق الحمیری نے کہا کہ سعودی اتحاد ایران پر الزام عائد کرکے یمنی فوج کی توانائیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن کے عوام جارح قوتوں کے مقابلے میں پوری پامردی کےساتھ ڈٹے رہیں گے۔
دوسری جانب صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کو برقرار کرنے کی کوششوں کے خلاف ہونے والی یمنی علما کی کانفرنس نے ایک بیان جاری کرکے حزب اللہ اور ایران کے خلاف عرب لیگ کے بیان کی مذمت کی ہے،
بیان میں یمن کا محاصرہ جاری رکھنے پر مبنی سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے اقدامات اور یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
یمن کے علما نے یمنی عوام نے سے کہا کہ وہ پوری طرح الرٹ اور ہوشیار رہتے ہوئے جارح قوتوں کے خلاف یمنی عوام کے محاذ کی بھرپور حمایت کریں۔
دریں اثنایمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے میزائل یونٹ نے عسیر، نجران اور جیزان میں سعودی عرب اوراس کی اتحادی فوجوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے جس میں سعودی عرب کے متعدد اتحادی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں ۔یمنی فوج نے نجران میں سعودی عرب کےالشرف، السدیس ، حصن الحماد اور جیزان میں برج العبادیہ فوجی اڈوں پرمیزائل سے حملہ کیا ہے۔