صوبہ الانبار میں عراقی فوج کی پیشقدمی
عراقی فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے مغربی صوبے الانبار کے مزید پینتالیس دیہی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا ہے۔
بغداد میں عراقی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے دو ہزار چار سو مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران داعشی دہشت گردوں کی متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی فوج کے اہلکاروں نے اس علاقے میں چار سو پچاس بموں کو ناکارہ بنانے کے علاوہ کار بم تیار کرنے کے دو کارخانوں کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ صلاح الدین، نینوا اور الانبار کے صحرائی علاقوں میں داعش کے مفرور عناصر کے خلاف جمعرات سے آپریشن شروع کیا ہے۔
اس سے پہلے عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے مغربی الانبار میں داعش کے زیر قبضہ آخری علاقے راوہ شہر کو مکمل آزاد کرا لیا تھا۔