مصر میں 7 دہشت گردوں کو سزائے موت کا حکم
Nov ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
مصر کی عدالت نے داعش دہشت گرد گروہ میں شمولیت کے جرم میں سات افراد کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مصر کی ایک عدالت نے صوبے مطروح کے شہر مرسی مطروح میں داعش سے وابستہ دہشت گردوں کے کیس کی سماعت کے بعد سات افراد کو سزائے موت اور دس دیگر کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
مصری عدالت کے فیصلے کے مطابق سزائے موت پانے والے ان افراد کو صوبے مطروح میں داعش دہشت گرد گروہ میں شمولیت اور لیبیا میں اکّیس مصری قبطیوں کی گردن اڑانے کا مجرم پایا گیا جس کے نتیجے میں انھیں موت کی سزا سنائی گئی۔
داعش دہشت گرد گروہ نے فروری دو ہزار پندرہ میں ایک کلپ جاری کی تھی جس میں لیبیا کے شہر سرت میں مصر کے اکّیس قبطی شہریوں کو تہ تیغ کرتے دکھایا گیا تھا۔