عبداللہ صالح کی ہلاکت سے فتنے دم توڑ گئے
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے عبداللہ صالح کی ہلاکت کا ذکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام کے خلاف ایک بڑی سازش دم توڑگئی ہے۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے پیر کی شام اپنے ایک بیان میں صنعا میں فتنے اور سازش کی ناکامی کے تاریخی دن کی یمنی عوام کو مبارکبادپیش کی اور کہا کہ آج ایک غیر معمولی اور عظیم دن ہے کیونکہ یہ دن سازش کی شکست اور ناکامی کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سازش کا مقصد یمنی عوام کی استقامت کو نقصان پہنچانا تھا لیکن یمنی عوام نے اس سازش کو بھی ناکام بنادیا۔
انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ جارح طاقتیں یہ سمجھ رہی تھیں جنگ کے محاذ پر فوج اور عوامی رضاکار فورس کے مصروف رہنے کی وجہ سے یمنی فوج ملک کے اندر کے فتنوں اور سازشوں کا مقابلہ نہیں کرسکے گی اور یوں وہ فتنے کی آگ پورے یمن میں پھیلادیں گی لیکن عبداللہ صالح کے ذریعے کھڑا کیا گیا فتنہ تین دن سے بھی کم عرصے میں پوری طرح کچل دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صنعا میں جس چیز نے فتنے کو ناکام بنایاہے وہ یمنی عوام کا ایمان تھا اور جن لوگوں نے پیغمبر اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اپنے حملے شروع کئے تھے خداوند عالم نے ان سے ان کی کامیابی چھین لی اور یہ سازش ناکام ہوگئی۔