عبداللہ صالح کی ہلاکت ایک بڑے فتنے کا اختتام، انصاراللہ
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے عبداللہ صالح کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام کے خلاف ایک بڑی سازش دم توڑ گئی ہے۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے پیر کی شام اپنے ایک بیان میں صنعا میں فتنے اور سازش کی ناکامی کے تاریخی دن کی یمنی عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج ایک غیر معمولی اور عظیم دن ہے کیونکہ یہ دن سازش کی شکست اور ناکامی کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سازش کا مقصد یمنی عوام کی استقامت کو نقصان پہنچانا تھا لیکن یمنی عوام نے اس سازش کو بھی ناکام بنا دیا۔
انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ جارح طاقتیں یہ سمجھ رہی تھیں جنگ کے محاذ پر فوج اور عوامی رضاکار فورس کے مصروف رہنے کی وجہ سے یمنی فوج ملک کے اندر کے فتنوں اور سازشوں کا مقابلہ نہیں کر سکے گی اور یوں وہ فتنے کی آگ پورے یمن میں پھیلا دیں گی لیکن عبداللہ صالح کے ذریعے کھڑا کیا گیا فتنہ تین دن سے بھی کم عرصے میں پوری طرح کچل دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صنعا میں جس چیز نے فتنے کو ناکام بنایا ہے وہ یمنی عوام کا ایمان تھا اور جن لوگوں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اپنے حملے شروع کئے تھے خداوند عالم نے ان سے ان کی کامیابی چھین لی اور یہ سازش ناکام ہو گئی۔
اس درمیان انصاراللہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ عبداللہ صالح کو غداری پر متحدہ عرب امارات نے اکسایا تھا- انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے متحدہ عرب امارات اور عبداللہ صالح کے درمیان خفیہ خط و کتابت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے فوجی یمن کی خانہ جنگی میں شریک ہو کر علاقے میں امریکا کی فوجی موجودگی کی تقویت کرنا چاہتے ہیں-
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے عبداللہ صالح اور سعودی حکام کے درمیان ملاقات کا پروگرام بھی بنایا تھا اور انصاراللہ کے ساتھ بات چیت کے سبھی راستوں کو بند کرا دیا تھا اور ان کے اقدامات انتہائی تشویشناک تھے-
دوسری جانب یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمن کی نیشنل سالویشن کی حکومت، یمن کے سبھی علاقوں میں سیکورٹی اور امن بحال کرنے کی اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں پر عمل کرے گی- صالح الصماد نے سابق صدر عبداللہ صالح کی ہلاکت کے بعد کہا کہ سازشی عناصر کو سعودی عرب کے ہوائی حملوں اور دیگر حمایتوں پر بھروسہ تھا-
ادھر سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اپنی جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صنعا میں ایوان صدر پر بمباری کی ہے- المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صنعا میں ایوان صدر کی عمارت پر اور اس کے اطرف میں چار بار بمباری کی-