دارالحکومت کی تبدیلی کے اسرائیلی منصوبے پر پانی پھر جائے گا
تہران میں فلسطین کے سفیر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مقبوضہ علاقوں سے برعکس نقل مکانی ہو رہی ہے، کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے دارالحکومت کی تبدیلی کے منصوبے پر پانی پھر جائے گا۔
تہران میں فلسطینی سفیر صلاح الزواوی نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان نے اس بات کو واضح کر دیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے بارے میں ٹرمپ کے وعدے مکمل جھوٹے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اسلامی ملکوں پر شرعی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ شدید احتجاج و سخت ردعمل کا اظہار کریں اور اس احتجاج کو ایک جہادی منصوبے میں تبدیل کریں۔
الزواوی نے مسئلہ فلسطین میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور ایران کے دیگر حکام کے مواقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ اپنی اپنی توانائی کے مطابق مختلف اعتبار سے مدد و تعاون کریں تاکہ فلسطین آزاد ہو سکے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کے روزبیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بارے میں دشمنوں کے دعوے کو ناتوانی و بے بسی کی علامت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ یقینا دنیائے اسلام اس سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور صیہونیوں کو کاری ضرب لگے گی اور بلاشبہ فلسطین آزاد ہو کر رہے گا۔