ٹرمپ کا فیصلہ اسرائیل کی نابودی کا آغاز
تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان پر عملدرآمد سے اسرائیل کی نابودی کا عمل شروع ہو جائے گا۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ جس طرح اعلان بلفور کے ذریعے اسرائیل قائم ہوا تھا اسی طرح بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کے اعلان سے اسرائیل نابود ہو جائے گا۔
انہوں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تمام فلسطینیوں کی اپنی تاریخی سرزمین پر واپسی ہمارا اولین اور واحد ہدف ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے واضح کیا کہ فلسطینی قیدیوں کا معاملہ بھی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے اور ہم اس معاملے سے ہرگز چشم پوشی نہیں کر سکتے۔
حماس کے سربراہ نے امریکہ کے نائب صدر مائک پینس کے دورہ مقبوضہ فلسطین کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات اور صیہونی حکومت کے فیصلے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے انتہائی تشویشناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کی مالی امداد روک کر دراصل فلسطینیوں کی وطن واپسی کے حق کو نشانہ بنایا ہے۔