حضرت فاطمہ (س) کے یوم شہادت پر ایران عزادار
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی تاریخ 13 جمادی الاول جبکہ ایک اور روایت کے مطابق حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی تاریخ3 جمادی الثانی ہے۔
دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ بیس جمادی الثانی ہجرت سے آٹھ سال قبل پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جناب خدیجہ الکبری سلام اللہ علیہا کے بیت الشرف میں اس دنیا میں تشریف لائیں-
شہزادی کونین اعلی الہی اور انسانی کمالات و فضائل کی حامل تھیں- آپ کی الہی فضیلت میں یہی کافی ہے کہ آپ جب بھی بزم رسالت میں تشریف لاتیں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگے بڑھ کر آپ کا استقبال کرتے اور بی بی دوعالم کو اپنی جگہ پر بٹھاتے-
شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار اور سیاہ پوش ہے۔
پیغمبر اسلام (ص) کی لخت جگر، بی بی دو عالم جناب سیدہ (س) کے یوم شہادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں خاص طور سے مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں ہر طرف مجلس عزاء اور ماتم و سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے۔
سوگواروں و عزاداروں کی جانب سے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ بی بی دو عالم حضرت فاطمہ زہرا (س) کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی لخت جگر، شہزادی کونین، حضرت فاطمہ زہرا (س) کے یوم شہادت کی مناسبت سے سحر عالمی نیٹ ورک، اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں بادل مغموم تعزیت پیش کرتا ہے۔