لیبیا میں بم دھماکوں کے بعد کریک ڈاون
لیبیا کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 85 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق مشرقی لیبیا کے شہر بن غازی کے مرکزی علاقے الماجوری میں واقع مسجد کو اس وقت دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جب بڑی تعداد میں لوگ نمازِ جمعہ ادا کررہے تھے۔
دہشت گردوں نے پہلے سے نصب بارودی مواد کو بھری مسجد میں عین نماز کے دوران ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں دو زوردار دھماکے ہوئے۔
طبی عملے کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 85 سے زائد زخمی ہوگئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب مصری فوج نے دہشت گردوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیاہے، آپریشن میں مصری مسلح افواج کی تینوں شاخیں شریک ہیں۔
مصری مسلح افواج کے ترجمان کرنل تامر رفاعی کے مطابق ’’سینائی 2018‘‘ کے نام سے شروع کئے جانے والے گرینڈ آپریشن میں سکیورٹی اداروں سمیت زمینی، فضائی اور بحری فوج بھی شریک ہیں، جبکہ آپریشن والے علاقوں میں انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی نظام کو معطل کردیاگیا ہے۔