مصر میں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ
مصر کے صدارتی انتخابات کے لئے پیر کو ملک کے ستائیس صوبوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہوا اور آئندہ تین روز تک جاری رہے گا-
مصری رائے دہندگان بدھ تک اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے- مصر کے موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی نے پولنگ شروع ہونے کے فورا بعد اپنا ووٹ ڈالا- بیرون ملک مقیم مصریوں نے گذشتہ سولہ، سترہ اور اٹھارہ مارچ کو اپنے ووٹ ڈالے-
مصر کے چیف الیکشن کمشنر لاشین ابراہیم نے کہا ہے کہ تیرہ ہزار چھے سو ستاسی پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں جہاں مصری شہری اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے- جبکہ انتخابی عمل پر نگرانی کے لئے اٹھارہ ہزار چھے سو اٹھتّر افسران کو تعینات کیا گیا ہے-
ان کا کہنا تھا کہ ووٹوں کی گنتی تیسرے دن شروع ہو گی- مصر میں ایسا پہلی بار ہے جب صدارتی انتخابات ایک آزاد و خود مختار الیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہو رہا ہے- عبدالفتاح السیسی آئندہ چار سال کے لئے مزید مسند اقتدار پر رہنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے مدمقابل فریق الغد پارٹی کے سربراہ موسی مصطفی کی پوزیشن ان کے مقابلے میں کافی کمزور ہے-