Apr ۰۲, ۲۰۱۸ ۲۱:۵۸ Asia/Tehran
  • صیہونی آبادکاروں کے ہاتھوں مسجدالاقصی کی ایک بار پھر بے حرمتی

فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی آبادکاروں نے مسجدالاقصی کے صحن میں داخل ہو کر ایک بار پھر مسلمانوں کے قبلہ اول کی بےحرمتی کی ہے۔

العالم کی رپورٹ کی مطابق غاصب صیہونیوں نے مقدس اوقاف کے تشہیراتی امور کے سربراہ کو مسجدالاقصی جانے سے روک دیا۔
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر نابلس میں تین فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا اور اور دھمکی دی کی کہ وہ جنوبی نابلس میں ایک فلسطین کے مکان کو مسمار کردیں گے۔ جہاد اسلامی فلسطین کے پریس امور کے انچارج داؤد شہاب نے کہا ہے کہ عرب لیگ کو چاہئے کہ پسماندگی سے باہر نکلے اور صیہونی حکومت کے جرائم کے سلسلے میں موثر کارروائی کرے۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی عوام صیہونی حکومت اور اس غاصب حکومت کے منظم جرائم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ داؤد شہاب نے جمعے کے روز  فلسطینی شہدا کے بارے میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کئے جانے کی مخالفت سے متعلق صیہونی وزیر جنگ لیبرمین کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جمعے کے روز فلسطینیوں کے خلاف جس طرح سے وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا اس سے صیہونیت کے خلاف فلسطینی عوام کی تحریک مزاحمت کو اور زیادہ تقویت ملی ہے۔
دریں اثنا عرب لیگ نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کے جمعے کے روز کے جرائم کا جائزہ لینے کے لئے، جس میں سترہ فلسطینی شہید اور ڈیڑھ ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں، منگل کے روز ہنگامی اجلاس تشکیل دیا جائے گا۔
امریکہ کی ہمہ جہتی حمایت اور مسئلہ فلسطین میں مختلف عرب ملکوں منجملہ سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات کی سازشوں اور اسی طرح علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں کے ناکارہ ثابت ہونے کے نتیجے میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعے کے روز فلسطینیوں نے یوم الارض کے موقع پر وسیع ریلی نکالی جسے صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں سترہ فلسطینی شہید اور ڈیڑھ ہزار کے قریب دیگر زخمی ہو گئے۔
اسی اثنا میں اطلاع ملی ہے کہ یوم الارض کے موقع پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اور فلسطینی شہید ہو گیا۔ اس طرح شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اب بڑھ کر اٹھارہ ہو گئی ہے۔

ٹیگس