یمن: شادی کی تقریب پر سعودی عرب کی بمباری، 50 شہید
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبہ حجہ کے الراقه علاقے میں شادی کی تقریب پر بمباری کرکے 50 افراد کو شہید کردیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبہ حجہ کے الراقه علاقے میں شادی کی تقریب پر وحشیانہ بمباری کرکے 50 افراد کو شہید کردیا۔ شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اس جارحیت میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ آل سعود کی اتحادی افواج اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ شادی کی تقریبات پر حملے کر چکی ہیں۔
سعودی عرب امریکہ کی حمایت سے اتحاد قائم کر کے مارچ دو ہزار پندرہ سے علاقے کے سب سے غریب، اسلامی اور عرب ملک یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اس ملک کے دسیوں ہزار عام شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوئے اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات بالکل تباہ ہو چکی ہیں۔