روہنگیا مسلمانوں کی وطن واپسی کے لئے ہندوستان میانمار پر دباؤ ڈالے، شیخ حسینہ
بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے ہندوستان سے کہا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی بنگلہ دیش سے میانمار واپسی کے عمل میں مدد دینے کے لئے میانمار کی حکومت پر دباؤ ڈالے -
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے ضلع بیر بھوم کے شانتی نکیتن میں واقع وشو بھارتی یونیورسٹی کے انچاسویں کنونشن میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر کی موجودگی میں بنگہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو چاہئے کہ وہ میانمار پر دباؤ ڈالے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کو اپنے ملک واپس آنے کی اجازت دے۔
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی مرکز بنے بنگلہ دیش ہاؤس کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیشی وزیراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش میں اس وقت گیارہ لاکھ روہنگیا مسلمان پناہ لئے ہوئے ہیں اور ہم نے انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ دے رکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ اپنے وطن لوٹ جائیں - بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ ہم ہندوستان سمیت سب سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ میانمار کی حکومت پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ روہنگیا مسلمانوں کو اپنے گھروں کو واپس لوٹنے کی اجازت دے۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش دو الگ الگ ملک ہیں لیکن دونوں کے درمیان اشتراک اور باہمی تعاون مثالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے تعاون کرکے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور اس کے لئے بے شمار مواقع بھی پائے جاتےہیں۔