Jun ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • یوم القدس نے اسرائیل کی بنیادی اسٹریٹیجی کو ناکام بنا دیا

امام خمینی رح نے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم القدس قرار دے کر اسرائیل کی بنیادی اسٹریٹیجی کو ناکارہ بنا دیا۔

یہ بات انتفاضہ فلسطین اور قدس کمیٹی کے سربراہ جنرل رمضان شریف نے تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جنرل رمضان شریف کا کہنا تھا کہ ہر سال جمعۃ الوداع کے موقع پر، دنیا بھر کے عوام کے سامنے فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے مظالم کی داستان دہرائی جاتی ہے جو صیہونی حکومت کے پیکر پر کاری ضرب سے کم نہیں۔


انتفاضہ فلسطین اور قدس کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ نئی تحریک انتفاضہ کی اہم بات یہ ہے کہ فلسطینیوں کی نوجوان نسل اس میں شریک ہے اور اپنے آبائی علاقوں کی واپسی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے نو ہفتوں سے جاری فلسطینیوں کے واپسی مارچ سے واضح ہو گیا ہے کہ مسئلہ فلسطین اب بھی زندہ ہے۔


جنرل رمضان شریف کا کہنا تھا کہ امریکہ اور خطے کی بعض رجعت پسند حکومتوں کی حمایت اور مالی تعاون سے مقبوضہ فلسطین میں جاری اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو گا۔


قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے فورا بعد رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم القدس قرار دیا تھا تا کہ ساری دنیا کے مسلمان اس دن اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کر سکیں۔

ٹیگس