Jun ۰۸, ۲۰۱۸ ۰۴:۳۲ Asia/Tehran
  • تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 46 افراد ہلاک

یمن کے قریب غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 46 افراد ہلاک جبکہ 16 لاپتہ ہوگئے۔

اقوام متحدہ کے ادارے برائے تارکین وطن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یمن کے ساحل کے قریب غیر قانونی تارکین وطن سے بھری کشتی اونچی لہروں کی زد میں آکر الٹ گئی، کشتی میں 100 سے زائد افراد تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

اقوام متحدہ کے ادارے برائے تارکین وطن نے واقعے میں 46 افراد کی ہلاکت جبکہ 16 کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 37 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں جبکہ لاپتہ افراد کی بھی ہلاکت کا قیاس کیا جارہا ہے۔

حادثے میں بچ جانے والے افراد کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار تمام لوگوں کا تعلق افریقی ملک ایتھوپیا سے ہے۔ یمن کے ساحل کے قریب تیز اور اونچی لہروں کے باعث کشتی بے قابو ہوگئی، کشتی میں پانی بھرنا شروع ہوگیا تو لوگ اپنی جان بچانے کے لیے سمندر میں کود پڑے تاہم بیشتر لوگ لائف جیکٹس نا ہونے اور تیراکی سے ناواقفیت کی بنا پر ڈوب گئے۔

واضح رہے کہ ہر ماہ تقریباً 7 ہزار افراد بہتر مستقبل کے لیے غیر قانونی طریقوں سے خطرناک حالتوں میں سفر کرتے ہیں، جس کے دوران بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔

ٹیگس