افغانستان میں جھڑپیں، 44 ہلاک
Jun ۱۰, ۲۰۱۸ ۰۷:۰۰ Asia/Tehran
افغانستان میں ملٹری اور پولیس بیس پر طالبان کے حملوں میں 17 فوجی اور 19 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ 8 جنگجو بھی مارے گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے قندوز میں ملٹری بیس پر حملہ ہوا جس میں افغان پولیس کے 19 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ یہ حملہ ہفتے کی صبح کیا گیا طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
قندوز کے گورنر نعمت اللہ تیموری نے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 5 پولیس اہلکار زخمی بھی ہیں جب کہ قندوز کے پولیس ترجمان کے مطابق حملے میں 8 طالبان مارے گئے۔
اس حملے سے قبل افغان صوبے ہرات میں بھی ملٹری بیس پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 17 افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔ دونوں حملے طالبان کی طرف سے عید پر جنگ بندی کے اعلان سے چند گھنٹوں قبل کیے گئے ہیں۔