افغان سیکورٹی فورس اور طالبان کی ملاقات کے دوران دھماکہ
افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں طالبان اور سیکورٹی فورسز کے درمیان رسمی ملاقات کے دوران ہونے والے دھماکے میں کم از کم چھبیس افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب طالبان کے مقامی عہدیدار افغان سیکورٹی اہلکاروں سے عید مل رہے تھے۔ دھماکے میں چھبیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے پیش نظر مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ دھماکہ ہجوم کے درمیان کھڑی گاڑی میں موجود راکٹ پھٹنے سے ہوا۔ جس گاڑی میں دھماکہ ہوا ہے اس کا تعلق طالبان سے بتایا جاتا ہے تاہم سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب افغان حکومت اور طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر پانچ روز کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا اور صدر اشرف غنی نے اس کی مدت میں توسیع کا عندیہ بھی دیا ہے۔