Jul ۰۹, ۲۰۱۸ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہرے

بحرینی عوام نے ایک بار پھر مختلف علاقوں میں مظاہرے کر کے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت کا اعلان اور انھیں فوری طور پر رہا کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

فارس خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے کل رات ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے اور آل خلیفہ حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے اپنے ملک کے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

مظاہرین نے اسی طرح حکومت اور آل خلیفہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی جسمانی حالت بگڑنے کی ذمہ داری حکومت پر عائد کی۔

نظربندی کے دوران آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حالت غیر ہو جانے کے بعد بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفه  نے ڈاکٹروں کے کہنے پر علاج و معالجے کے لئے انھیں بیرون ملک منتقل کئے جانے کی اجازت دے دی۔

آل خلیفہ کی حکومت نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر کے انہیں جون 2016 میں گھر میں نظر بند کردیا اور وہ اس وقت سے لے کر اب تک گھر میں سخت سکیورٹی حصار میں نظر بند ہیں ۔

واضح رہے کہ بحرینی عوام فروری دو ہزار گیارہ سے بحرین کی ڈکٹیٹر شاہی حکومت کے خلاف احتجاج اور اپنے ملک میں جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ آل خلیفہ حکومت، بحرینی عوام کے خلاف مسلسل طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔

ٹیگس