الحدیدہ سے یمنی فوج کے انخلا کا مطالبہ مسترد
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے الحدیدہ سے انخلا کے مطالبے کو غیر منطقی قرار دیتے کہا ہے کہ علاقے میں سعودی اورامارتی حملے بند ہونے کی صورت میں ہی الحدیدہ میں اقوام متحدہ کے کردار کو قبول کیا جاسکتا ہے۔
فرانسیسی اخبار لافیگارو کو انٹرویو دیتے ہوئے انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ الحدیدہ پر سعودی اتحاد کے حملے بند ہونے کی صورت میں ہی یمن کے عوام اس علاقے پر اقوام متحدہ کی نگرانی کو قبول کرسکتے ہیں۔سعودی فوجی اتحاد نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی حمایت سے الحدیدہ شہر پر قبضے کے لیے تیرہ جون سے شدید حملے شروع کر رکھے ہیں۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں نے اس سے پہلے خبردار کیا تھا کہ الحدیدہ پر حملوں کی صورت میں سیکڑوں عام شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی اور یمن کے جنگ زدہ عوام کو انسانی امداد پہنچانے کا واحد راستہ بھی بند ہوجائے گا۔انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے الحدیدہ سے انقلابی جوانوں کے انخلا اور اس صوبے کو متحدہ عرب امارات کے سپرد کرنے کے سعودی مطالبے کے جواب میں کہا کہ الحدیدہ یمنی عوام کی ملکیت ہے لہذا سعودی اتحاد کا یہ مطالبہ عالمی قوانین اور ضابطوں کے سراسر منافی ہے۔انہوں نے جنگ یمن میں فرانس کے کردار اور سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت پر بھی کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بہت سے مغربی ممالک جنگ کو اقتصادی مفادات کی عینک سے دیکھ رہے ہیں اور انسانی حقوق کو مادی مفادات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ، عمران، الحدیدہ اور معارب کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔سعودی فوج کے توپ خانے نے بھی ، صوبہ صعدہ کے سرحدی علاقے رازح پر گولہ باری کی ہے جس میں متعدد رہائشی مکانات تباہ ہوگئے۔سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ الجوف میں کارروائی کرتے ہوئے سعودی اتحاد میں شامل درجنوں کرائے کے فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔صوبہ تعز کے صلو سیکٹر پر بھی یمنی فوج کے حملے میں سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔یمنی فوج کے نشانہ بازوں نے صوبہ معارب کے صرواح سیکٹر میں گھات لگاکر کم سے کم سات سعودی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔